چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے عہدے سے ہٹانے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی ۔
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی اے نے وفاقی ہائیکورٹ میں دائر اپیل میں موقف اپنایا ہے کہ اپیل کنندہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے موجودہ چیئرمین ہیں ۔
اپیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کو پہلے 24 مئی 2023 کو پی ٹی اے میں ممبر ایڈمنسٹریشن مقرر کیا گیا تھا، پھر 25 مئی 2023 کو انہیں چیئرمین پی ٹی اے کے طور پر تعینات کیا گیا ۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنے کام انجام دے رہے ہیں اور یہ اپیل چیئرمین پی ٹی اے کی قانونی تعیناتی کو ثابت کرنے کیلئے دائر کی گئی ہے ۔
اپیل کنندہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے عدالت سے اپیل فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے ۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے محفوظ فیصلے سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ دیا تھا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہری اسامہ خلجی کی جانب سے ایڈووکیٹ اسد لادھا کے وساطت سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی ۔