رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، ہادی عالم، نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن ملک بھر میں دینی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے ۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں شہر ،شہر ،گلی ،گلی چراغاں اور مساجد ، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے ۔
ملک بھر میں جلوسوں کا اہتمام اور درود و سلام کی محفلوں میں آقا ئے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔
عید میلاد النبی ﷺ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ۔
نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کےلیے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں ۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قوم اور مسلم امہ کو عید میلادالنبیﷺ کے بابرکت دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے ۔
صدر مملکت آصف علی زردای نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تاریخی اور یادگار موقع امت مسلمہ کیلئے خوشی اورعقیدت کا باعث ہے، 12 ربیع الاول اپنی زندگیوں کو تعلیمات نبویﷺ کے مطابق ڈھالنے کےعہد کا دن ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبیﷺ پر پیغام میں کہا کہ سیرت طیبہ ہمارے لئے ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے، ہمیں اپنے ملک پاکستان کو سیرت طیبہ کی عملی تعبیر بنانا ہے، ہمیں تعصب، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت کی ہر شکل کو رد کرنا ہے ۔
شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں بھائی چارے، ایثار اور اتحاد کو فروغ دینا ہے، ملکی مسائل کا پائیدار حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات کو قومی کردار کا حصہ بنانے میں ہے ۔