پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے مرکزی صدر، ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کی جانب سے قیادت کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر اور منہاج یونیورسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آف بورڈ آف گورنرز، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو عالمی سفیر امن کا ایوارڈ پیش کیا۔ یہ ایوارڈ ان کی بین الاقوامی سطح پر شاندار مذہبی، تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران، فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی قیادت نے امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں ایک اہم اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی کوششوں نے انٹرنیشنل کمیونٹیز کے درمیان افہام و تفہیم، امن اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیا ہے،
عالمی سفیر امن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اس ایوارڈ کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا، یہ ایوارڈ صرف میرے لیے نہیں بلکہ ان تمام شخصیات کے لیے ہے جو امن اور محبت کے علمبردار ہیں۔ ہمیں مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر شخص کو عزت اور محبت ملے۔ مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ایک عالمگیر تحریک ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے ہر طرح سے مصروف عمل ہے، انہوں نے پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کی جانب سے ملنے والے اس شاندار ایوارڈ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے صحافتی اقدار کو زندہ رکھنے کے لیے فورم کی بے مثال کوششوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن نے منہاج یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی معیار اور طلباء کی فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائزہ لیا اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی مثالی قیادت کو سراہا۔