اسلام آباد – یومِ آزادی کی پرمسرت فضاؤں میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کو ایک عظیم الشان نمائش کے لیے سجایا گیا ہے، جہاں عوام پہلی بار دفاعی سازوسامان کی نایاب جھلک قریب سے دیکھ سکیں گے۔ اس موقع پر ملک بھر میں آزادی کی تقریبات اور "معرکہ حق” کی تاریخی فتح کی تیاریوں کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہے۔
انتظامیہ کے مطابق 14 اگست کو صبح 10 بجے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ نمائش میں افواجِ پاکستان کے وہ جدید اور تاریخی جنگی ہتھیار شامل ہوں گے جو "معرکہ حق” میں استعمال ہوئے۔ ان میں لڑاکا طیارے، جدید ٹینک، توپیں، راکٹ لانچر، بکتر بند گاڑیاں اور جنگی ساز و سامان بردار وہیکلز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جدید ریڈار سسٹمز بھی موجود ہوں گے جنہوں نے اس معرکے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ کی خصوصی فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا شاندار مظاہرہ بھی عوام کو محظوظ کرے گا۔
شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں ثقافتی پروگرامز، مختلف اسٹالز اور فوجی بینڈز بھی موجود ہوں گے جو ملی نغموں کی دھنوں سے قومی جذبے کو مزید مہمیز دیں گے۔ اس نمائش کا بنیادی مقصد عوام کو یومِ آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنا اور قومی فخر کو اجاگر کرنا ہے۔
اسلام آباد میں اسی مناسبت سے آج رات 8 بجے جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان مرکزی تقریب کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ پاکستان ہوں گے، جبکہ وزیرِ اعظم، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور قومی و غیر ملکی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ تقریب میں خصوصی ملی و ثقافتی پروگرام، تینوں افواج کی شاندار پریڈ اور فضائی مظاہرے شامل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم "معرکہ حق” میں تاریخی فتح کی یاد میں معرکہ حق مونومنٹ کی رونمائی بھی کریں گے۔ آزادی کی تقریبات میں دوست ممالک ترکیہ اور آذربائیجان کے فوجی دستے بھی حصہ لیں گے۔ آرمی اسکول آف میوزک کی خصوصی بینڈ پرفارمنس بھی اس گرینڈ تقریب کو یادگار بنائے گی۔
ملک بھر میں عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے اور قومی جذبے کی فضا ہر سو قائم ہے۔ یہ تقریب براہِ راست پی ٹی وی سے نشر کی جائے گی تاکہ پورا پاکستان اس تاریخی لمحے کا گواہ بن سکے۔