پاک فوج میں جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر شامل کرلیا گیا ،ترجمان پاک فوج کے مطابق جدید ریڈار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز سے لیس یہ ہیلی کاپٹر فضائی اور زمینی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرتا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصمن منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا اور جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر کی پاک فوج میں شمولیت کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے علمی و سماجی شخصیات سے ملاقات میں سول و ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ملتان گیریژن کے دورے میں فارمیشن کی عملی تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پربریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل نے جوانوں کے اعلیٰ جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیت کو سراہا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قومی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔
فیلڈ مارشل کا علمی وسماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ گفتگو کا سیشن بھی ہوا، سید عاصم منیر نے قومی یکجہتی، سول و ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ۔
فیلڈ مارشل نے پاک فوج میں جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر شمولیت کی تقریب میں شرکت کی، جدید ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر اور نائٹ اسٹرائیک کی صلاحیت سے لیس ہیلی کاپٹرز نے مظفرگڑھ فائرنگ رینج میں فائرپاور کا مظاہرہ کیا ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ ہتھیاروں کی حکمتِ عملی کے کامیاب مظاہرے کو سراہا ۔