وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں توسیع و تزین کے وسیع و عریض منصوبے جاری ہیں، ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آچکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے یہ منصوبہ 60 دن کے بجائے 35 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، مجھے ان کی بات پر پورا یقین ہے کہ ماضی میں اس قسم کے اعلانات کو انہوں نے عملی جامہ پہنایا ہے، یہ شہباز سپیڈ ہے اور نہ محسن نقوی سپیڈ ہے بلکہ یہ پاکستان سپیڈ ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد خوبصورتی کا گہوارہ بنے گا، اجتماعی کاوشوں سے معیشت میں استحکام آیا، اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کا نام بلند ہوگا، بہترین کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی میں بہتری آئی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو تحفہ دیا ہے، بلوچستان کا ٹریک 2 ہزار کے قریب جانیں نگل چکا ہے، بلوچستان کے خونی ٹریک کو ہائی وے بنانے جا رہے ہیں، این ایف سی میں بلوچستان کا کوٹا ڈبل کر دیا گیا ہے، بلوچستان میں فاصلے زیادہ ہیں، بلوچستان کے عوام کو ایسا منصوبہ چاہیے تھا جو تمام اقوام کے دل کی آواز ہو ۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تکمیل تمام اکائیوں سے ہوتی ہے، تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا وژن ہے، منصوبے کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کریں گے، 2 سال میں 3 سو ارب سے زائد کے تخمینے سے شاہراہ تعمیر ہوگی ۔