اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے، آج پیٹرول قیمتیں کم ہونے جارہی ہیں ، ہم نے سوچا کے ہم اسے برقراررکھیں گے اور پیٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کریں گے، ان پیسوں سے قوم کے زخموں پرمرہم رکھیں گے، اس رقم سے کچھی کینال اور کوئٹہ کراچی ایم 25 بنائیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے سات روپے کی ریکارڈ کمی کی، بجلی قیمتیں کم کرنا بہت بڑاچیلنج تھا اور بجلی قیمتیں کم ہونے سے معیشت کو فائدہ پہنچے گا ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت سوچ بیچار کے بعد یہ طے کیا ہے کہ کراچی، قلات، خضدار، کوئٹہ چمن کو خونی سڑک کہتے ہیں جو ایک سنگل روڈ ہے لیکن یہ فنڈز کے بغیر مکمل نہیں ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خیبرپختونخوا سے سکھر تک بہترین موٹرویز بن چکے ہیں اور اب سکھر ، حیدرآباد ، کراچی تک موٹروے بننے جارہی ہے، ایم 6 اور ایم 9 سرمایہ کاری سے ہوگا جو وفاق خود شفاف طریقے سے بنائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ 2 ہزار لوگ اس خونی سڑک نے نگل لیے ہیں، سیاسی اور سماجی طور پر بھی دیکھیں ، بلوچستان دیکھ رہا ہے کہ مردان سے سکھر تک موٹر وے بن گئی، جس پر کئی سو ارب روپے لگ چکے ہیں لیکن ہمارا کیا قصور ہے کہ ہمارے پاس کوئی اس طرح کی سڑک نہیں ہے ۔
ایران میں پاکستانیوں کے اندوہناک قتل کے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران میں 8 پاکستانیوں کوقتل کیا گیا، جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور ایرانی حکومت نے قاتلوں کر گرفتارکرکے سزادینے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ صدرمملکت کی بہتر صحت کیلئے دعا گو ہوں ۔