انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا زولفقار حمید اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی خصوصی ہدایات پر مانسہرہ پولیس لائنز میں سنائپر ود تھرمل ویپن سائیٹ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔
اس خصوصی تربیت میں ضلع مانسہرہ اور بٹگرام کے اے ٹی ایس کوالیفائیڈ جوانوں نے شرکت کی، جہاں انہیں جدید ترین سنائپرنگ تکنیکوں اور تھرمل ویپن سائیٹ کے عملی استعمال کی تربیت دی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پورنے ٹریننگ کیمپ کا دورہ کیا اور جوانوں کی فائرنگ کی مہارت، نشانہ لگانے کی درستگی اور تھرمل ویپن سائیٹ کے مؤثر استعمال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید سنائپرنگ مہارتیں اور تھرمل ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال فورس کو کسی بھی ہنگامی یا دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مزید مضبوط بناتا ہے۔
یہ تربیت پولیس فورس کو دہشت گردی، ہائی ویلیو ٹارگٹ آپریشنز، اور کسی بھی غیر معمولی صورتِ حال میں مؤثر کارروائی کے لیے تیار کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ تھرمل ویپن سائیٹ کی مدد سے کم روشنی یا مکمل اندھیرے میں بھی ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آتی ہے، جو کہ جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد سنائپر ود تھرمل ویپن سائیٹ مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جہاں ضلع مانسہرہ کے بہترین سنائپرز کو چُنا جائے گا۔ بعد ازاں، صوبہ بھر کے اضلاع کے مابین ایک بڑا مقابلہ بھی منعقد ہوگا، جس میں بہترین سنائپرز اپنی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کریں گے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پورنے ٹریننگ کے دوران جوانوں کے حوصلے اور مہارت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مانسہرہ پولیس ہر قسم کی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور فورس کی جدید تربیت کے لیے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔