راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سی ای اوراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی قیادت میں زیرو ویسٹ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
اس آپریشن کے اہم حصے کے طور پر عوام میں صفائی کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم جاری ہے،اسی سلسلے میں آر ڈبلیو ایم سی کی کمیونیکیشن اور سوشل موبلائزیشن ٹیم نےاصغر مال کی مارکیٹ میں خصوصی آگاہی مہم چلائی، مہم کے دوران دکانداروں اور خریداروں کو کچرے کی مناسب تلفی کے قوانین اور عمل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا، ٹیم نے شہریوں کو باور کرایا کہ کھلے عام کوڑا کرکٹ پھینکنا نہ صرف ماحول کو آلودہ کرتا ہے بلکہ یہ قانون کی خلاف ورزی بھی ہے،ٹیم نے مارکیٹ کے دکانداروں اور خریداروں کو ہدایت دی کہ کوڑا کرکٹ کو کھلے عام نہ پھینکیں، کچرے کو مخصوص کنٹینرز میں ڈالیں،اگر کنٹینرز میسر نہ ہوں تو کچرے کو ویسٹ بیگز میں ڈال کر آرڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے حوالے کریں۔
شہریوں کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات کے اندراج کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ہیلپ لائن نمبر 1139 پر کال کریں۔ مزید سہولت کے لیے موبائل ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی مہیا کیے گئے ہیں تاکہ عوام اپنی شکایات اور تجاویز آسانی سے کمپنی تک پہنچا سکیں۔آگاہی مہم کے دوران کمیونیکیشن ٹیم نے پمفلٹس بھی تقسیم کیے، جن پر صفائی کے اصول، کچرے کی مناسب تلفی کے طریقے اور شکایات درج کرنے کے وسائل کی تفصیل موجود تھی۔