عالمی بینک نے داسو پروجیکٹ کیلئے ایک ارب ڈالر کا نیا قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا،قرض ترمیم شدہ پی سی 1 کی منظوری کے بعد دیا جائے گا جس میں نئے ٹائم لائنز شامل کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے عالمی بینک کے سینئر عہدیدارنے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک باضابطہ طور پر1.7ٹریلین کاقرض داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کیلئے ایک ارب ڈالر کا نیا قرض فراہم کرے گا۔ یہ قرض ترمیم شدہ پی سی 1 کی منظوری کے بعد دیا جائے گا جس میں نئے ٹائم لائنز شامل کئے گئے ہیں۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واپڈا نے منصوبے کا ترمیم شدہ پی سی 1 تیار کر لیا ہے جو اب وزیر برائے آبی وسائل کے پاس موجود ہے اور جلد ہی منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھیجا جائے گا۔
پہلے مرحلے کا یہ منصوبہ 2160 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا تاہم منصوبے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد یہ4320 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی لاگت190.1فیصد اضافے کے ساتھ586 ارب روپے سے بڑھ کر 1700ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جس کی بنیادی وجوہات زمین کے حصول میں تاخیر، سکیورٹی خدشات اور امریکی ڈالر کی قدر میں178فیصد اضافہ ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ورلڈ بینک نے پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیاتھا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی مشترکہ کوششیں رنگ لانے لگیں تھیں۔
عالمی بنک نے 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ عالمی بنک تقریباً تین چوتھائی حصہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے فراہم کرے گا۔ فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔عالمی بینک بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی بی آر ڈی) کے تحت فراہم کی جائے گی۔اعلامیہ کے مطابق توسیعی فریم ورک کے تحت چھ کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ چائلڈ سٹننگ کم کرنا، موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام ، سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانا منصوبوں میں شامل تھے۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔