ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) خالد اقبال نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ کی بہتری اورعوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، صحت سہولیات کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت کے مراکز میں سٹاف کی تعیناتی اور غیر حاضر سٹاف کے خلاف کارروائی کےلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس کے علاوہ ڈی ایچ کیو، تمام بنیادی مرکز صحت، ٹائپ ڈی اور آر ایچ سی، فیملی ویلفیئر سنٹرز میں تمام نشستوں پر سٹاف کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ڈی ایچ کیو کی کارکردگی کو بہتر بنانے، عملہ کی حاضری، سہولیات کی فراہمی، ایمرجنسی، ڈینٹل، صفائی اور مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے ہدایات جاری کیں، ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں ایمرجنسی کیسز میں بہتری، ایڈمشن میں آسانی اور سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
اس کے علاوہ ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی، ڈینٹل اور دیگر تمام ڈیپارٹمنٹ کی پرفارمنس کو مزید بہتر اور مریضوں کو سروسز کی فراہمی میں بہتری لائی جائے۔ اجلاس میں ڈی ایم او، آئی ایم یو ہیلتھ سید صہیب شاہ کی جانب سے محکمہ صحت کی کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گزشتہ میٹنگ میں کئے گئےفیصلوں پر عمل درآمد کے حوالہ سے بریف کیا۔ اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ہزارہ ڈویژن ڈاکٹر اسرار احمد، سید صہیب شاہ ڈی ایم او آئی ایم یو ہیلتھ، ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو، ایکٹنگ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال، ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشفاق، ڈاکٹر یاسر خان، ڈاکٹر واصل، نمائندہ پاپولیشن، ہیلتھ اور دیگرافسران نے شرکت کی۔