اسلام آباد: افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے 14 سے 16 شہروں میں نادرا دفاتر 24 گھنٹے کام کرتے ہیں، ان دفاتر میں اب پاسپورٹ آفسز بھی قائم کیے جائیں گے، ان تمام نادرا سینٹرز میں شہریوں کو 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دی جائے گی، کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ کے ماڈل سینٹر بھی بنائیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں پاسپورٹس کا بیک لاگ مکمل ختم ہو چکا ہے، اب شہریوں کو مقررہ وقت میں پاسپورٹ ملیں گے، پہلے پاسپورٹس کا 6، 6 ماہ کا بیک لاک موجود ہوتا تھا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کے حالات یکسر بدلے ہوئے تھے، اتھارٹی بنانے سے ادارے کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف ایف آئی اے کریک ڈاؤن کر رہی ہے ۔
اس موقع پرڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کے ویژن کے مطابق پاسپورٹ آفس کی سروسز میں بہتری لائی گئی ہے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر نئے استقبالیہ، آن لائن سیکشن، پروڈکشن سینٹر اور ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا اور پاسپورٹ پروڈکشن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اسٹاف کو اعزازی شیلڈ اور نقد انعام بھی دیے ۔