آکلینڈ: بھارت کے اندر خالصتان کی ایک آزاد سکھ ریاست کے قیام کے لیے نیوزی لینڈ میں ہونے والے خالصتان ریفرنڈم میں 37 ہزار سے زائد سکھوں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ یہ ریفرینڈم آزاد پنجاب ریفرنڈم کمیشن نے کروایا۔
کونسل آف خالصتان کے صدر اور سکھس فار جسٹس کے بانی رکن ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے اعلان کیا کہ کل ڈالے گئے ووٹ 37,000 سے زیادہ تھے۔ ریفرنڈم اتوار کو آکلینڈ کے اوٹیا اسکوائر میں ہوا، جہاں ہزاروں سکھ اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پہنچے۔ منتظمین کو ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانا پڑا۔
ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو نے خالصتان کے ہزاروں حامیوں سے خطاب میں کہا کہ بھارتی حکومت نے ووٹنگ کے خلاف لابنگ کی تھی اور نیوزی لینڈ سے سکھوں کے ووٹنگ میں حصہ لینے پر پابندی لگانے کو کہا تھا لیکن مقامی حکام نے بھارت کی ایک نہیں مانی اور ریفرنڈم کی منظوری دی۔
ریفرینڈم کے دوران ہزاروں سکھوں نے خالصتان کے قیام کے لیے نعرے لگائے اور بھارتی حکومت پر سکھوں کی نسل کشی اور سکھوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔
ایس ایف جے کے کونسل جنرل، گروپتونت سنگھ پنوں نے ریفرنڈم کے اختتام پر حاضرین کو بتایا کہ سکھوں نے پرامن ووٹنگ کے عمل کے ذریعے بھارتی ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا ریاست نے سکھوں کو اپنا وطن مانگنے پر سزا دینے کے لیے دہشت گردی کے طریقوں کا سہارا لیا ہے۔ ’سکھوں کے لیے بھارت سے آزادی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن قابل قبول نہیں۔
سکھس فار جسٹس (SFJ) کے سربراہ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے غیر ملکی دوروں کے بارے میں انٹیلی جنس شیئر کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیا- اور انہیں سکھوں کے خلاف "دہشت گردی کی مہم” کی اجازت دینے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
گروپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں سکھ سنگت نے سکھوں کو ہندوستانی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے آج اپنا ووٹ ڈالا ہے۔ یہ آزادی حاصل کرنے کا جمہوری طریقہ ہے لیکن دہشت گرد مودی سرکار گولیوں اور دہشت گردی کے ذریعے سکھوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔
گروپتون سنگھ پنوں نے اعلان کیا کہ اگلا خالصتان ریفرنڈم امریکی ریاست لاس اینجلس میں کرایا جائے گا۔