آسٹریلیا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
سڈنی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کے کپتان جوس انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا۔ ابتدائی اوورز میں پاکستانی بولرز دباؤ ڈالنے میں ناکام رہے، تاہم حارث رؤف نے 52 کے مجموعے پر پہلے جیک فریسر اور پھر کپتان جوس انگلس کو آؤٹ کر کے پاکستان کو واپسی دلائی۔ عباس آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میتھیو شارٹ کو 32 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس بھیج دیا، جبکہ ایرون ہارڈی بھی 28 رنز بنا کر ان کا شکار بنے۔
آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم کے ساتھ کیا، لیکن جلد ہی مشکلات کا شکار ہو گیا۔ بابر اعظم 3 اور صاحبزادہ فرحان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان نے 26 گیندوں پر 16 رنز بنائے، جبکہ نائب کپتان سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔