پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ گنڈا پور صوبے کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پی ٹی آئی کے عہدیدار، وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی 26ویں ترمیم اور چیف جسٹس کی تقرری کے طریقہ کار کو غیر آئینی سمجھتی ہے لیکن جب تک سپریم کورٹ اس کیس کا فیصلہ نہیں کرتی، یہ ’زمین کا قانون‘ ہے۔
واضح رہے کہ نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی آج ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔
ایوان صدر نے تقریب حلف برداری کے دعوت نامے جاری کر دیئے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔
پارلیمنٹ کے ارکان کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا ہے، جو ہفتہ (آج) صبح 11 بجے شیڈول ہے۔