شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کا23 واں اجلاس رکن ممالک کے درمیان وسیع تر اشتراک کار کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن کو کونسل کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے ایس سی او سربراہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے اختتامی کلمات میں وزیراعظم نے کہاکہ اجلاس میں رکن ممالک نے اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر اور پائیدار مستقبل کے لئے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ایس سی او کے اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کے عزم کااعادہ کرتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو سیاسی اختلافات کوبالاتر رکھتے ہوئے مشترکہ چیلنجز کو حل کرنے اور ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر اپنے عوام کے باہمی مفاد ، ترقی اور استحکام کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔اس موقع پر وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاکہ غزہ میں حالیہ جاری نسل کشی کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ عالمی برادری کو بربریت روکنے کےلئے اقدامات کرناہوں گے۔غزہ میں جارحیت ایک المیہ ہے۔ وہاں پر فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کی سرحدیں 1967 سے قبل کی بنیا د پرہوں۔
تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کی دستاویزات پر دستخط کئے جس میں مشترکہ اعلامیہ اور اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ ایس سی او کے مستقل اداروں کے مستعدی سے کام کو یقینی بنانے کے بارے میں فیصلے شامل تھے۔
اس تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے رہنماؤں جن میں چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیر اعظم لی چیانگ، بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوو چینکو ، قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوو، روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستن ، تاجک وزیر اعظم کو ہر رسول زادہ ، ازبک وزیر اعظم وزیر عبداللہ اریپوف، کرغزستان کے وزراء کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف ، ایران کے وزیر تجارت سید محمد اتابیک اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے شرکت کی۔اس کے علاوہ منگولیا نے ایک مبصر ریاست کے طور پر سربراہی اجلاس میں شرکت کی جس کی نمائندگی وزیر اعظم اويون اردين لويسنامسراينے کی اور ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد میریدوف شریک ہوئے۔