ایران نے اسرائیل پر حملہ کر دیا ہے ۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر سیکڑوں میزائل فائر کیے گئے ہیں۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ متعدد میزائل نشانے پر لگے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے اسرائیل پر 400 میزائل داغے گئے ہیں اور ایرانی میزائلوں نے تل ابیب میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی آئرن ڈوم حملہ روکنے میں ناکام رہا ہے اور متعدد ایرانی میزائل نشانے پر جا لگے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائلوں کو آئرن ڈوم سسٹم کے ذریعے تباہ کیا جا رہا ہے فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ امریکا ایران کےحملوں کےجواب میں اسرائیل کی مدد کےلیے تیار ہے خطےمیں امریکی فوج کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔
ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ، حسن نصر اللہ کی شہادت کا ردعمل ہے۔ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایرانی خود مختاری کی خلاف ورزی کا جواب دیا گیا ہے، اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو یہ نہ سمجھے میزائل حملہ ختم ہوگیا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ وسطی تل ابیب میں موساد کے ہیڈ کوارٹر کو ایران کے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔