شہر اقتدار میں سرکاری گھروں اور فلیٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جس پر وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ آفس کے افسران کی ملی بھگت کی وجہ سے ایف آئی اے نے انہیں طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ آفس کے خلاف 6 کیسز زیر تفتیش ہیں،اور وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ اسٹیٹ آفس میں غیر قانونی بھرتیوں کا کیس 2021 سے زیر تفتیش ہے۔
اس کے ساتھ ہی غیر قانونی سرکاری گھر اور فلیٹس الاٹ کرنے کے 2 کیسز زیر تفتیش ہیں، جبکہ رشوت لینے اور جعلی دستاویزات تیار کرنے کے 2 کیسز بھی زیر تفتیش ہیں۔وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ آفس نے اب تک صرف ایک کیس کا ریکارڈ فراہم کیا ہے، جس پر ایف آئی اے نے ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر ایک بار پھر متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ہے۔