پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ میچز کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کی جانب سے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سی پی او کے مطابق، 4000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 350 سے زائد ٹریفک پولیس افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ کرکٹ ٹیموں کے روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف میں چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں اور 99 خصوصی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ٹیموں کے روٹ کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور ضلعی پولیس کی خصوصی ٹیمیں اسٹیڈیم اور گردونواح میں گشت کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ تمام سینئر افسران تعینات افسران و جوانوں کو پوائنٹ وائز چیک اور بریف کر رہے ہیں۔ جبکہ شائقین کرکٹ کو مخصوص راستوں سے مکمل چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ باہمی ربط کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شائقین اور ٹیموں کے لیے محفوظ اور خوشگوار ماحول کو فراہم کیا جا سکے۔