بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی میزبانی کی پیشکش کو مسترد کر دیا، خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی بنگلا دیش کے پاس ہے۔
سیکرٹری بی سی سی آئی جے شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی سی سی نے ان سے کہا تھا کہ بھارت ورلڈکپ کی میزبانی کریں تاہم جے شاہ نے واضح الفاظ میں منع کر دیا۔
جے شاہ کا کہنا تھا کہ ابھی مون سون سر پرہے اور ہم نے 2025 میں ویمنز ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی بھی کرنی ہے اس لیے میں ایسا کوئی اشارہ نہیں دینا چاہتا کہ ہم ایک کے بعد ایک ورلڈکپ کی میزبانی کریں گے، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے فی الحال کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
دوسری طرف عالمی کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ وہ بنگلا دیش کے موجودہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
تاہم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی بنگلا دیش سے منتقلی پر فیصلہ 20 اگست تک ہونے کا امکان ہے۔
ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 3 اکتوبر سے 20 اکتوبر تک بنگلا دیش میں شیڈول ہے لیکن بنگلا دیش کے موجودہ حالات کے باعث وہاں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد مشکل نظر آ رہا ہے۔