اسلام آباد چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی.
اجلاس میں ہفتہ وار بازار میں لگنے والی آگ اور مون سون کی طوفانی بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا. اس موقع پر سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے تمام سنیئر افسران موجود تھے۔اجلاس میں کسی بھی ہنگامی صرت حال سے نمٹنے کے لئے استعداد کار اور خامیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا.
چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ایمر جنسی سروسز کو فعال کرنے کے لئے فوری طور پر 100 ملین روپے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ پمپ سمیت دیگر تمام آلات فوری طور پر فراہم کئے جائیں.
چئیر مین سی ڈی اے نے کہا کہ مون سون دوران تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لئے سی ڈی اے کے ساتھ رابطے میں رہ کر نگرانی کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں پانی کھڑا ہونے کا اندیشہ ہو۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تمام سروسز کو یکجا کر کے مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبے آپس میں باہمی رابطہ کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں اور شہر کی خدمت کریں۔