دبئی سے کولمبو جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز نے خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
افسوسناک بات یہ ہے کہ 57 سالہ سری لنکن خاتون، جس کی شناخت پالاوینی کے نام سے ہوئی، دوران پرواز ہی دم توڑ گئی۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دبئی سے کولمبو جانے والی پرواز کے ایک مسافر پلوینی کی طبیعت پرواز کے دوران اچانک بگڑ گئی۔ فلائٹ کے کپتان نے فوری طور پر کراچی کے ائیر ٹریفک کنٹرول سے ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تاکہ فوری طبی امداد حاصل کی جا سکے۔
لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈاکٹر مسافر کو چیک کرنے کے لیے طیارے میں سوار ہوئے۔ ان کی کوششوں کے باوجود پلوینی کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ دوران پرواز انہیں دل کا دورہ پڑا۔
ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی محکمہ صحت کے افسر نے بعد ازاں خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ان کی میت کو لے کر پرواز کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو میں اپنی اصل منزل کے لیے روانہ ہوئی۔
ایئر لائن نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ مسافروں اور عملے کے ارکان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔