راولپنڈی: راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے نئے مالی سال کے بجٹ میں ظالمانہ ٹیکسوں کے نفاذ،موجودہ ٹیکس دہندگان، تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر بوجھ، اسٹاک ایکسچینج پر کیپیٹل گین ٹیکس کے اثرات، سیلز ٹیکس، بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج اور شٹر ڈاؤن کی دھمکی دی ہے۔
چیمبر کا کہنا ہے کہ احتجاج اور ہڑتال کی کال سے قبل حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا جس پر عملدرآمد نہ ہونے پر ملک بھر کی تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے کر احتجاج کی کال دی جائے گی اس امر کا اعلان مالیاتی بجٹ برائے سال2024 کی کاروباری سرگرمیوں پراثرات کے حوالے سے گزشتہ روزراولپنڈی چیمبر میں منعقدہ ہنگامی مشاورتی اجلاس میں کیا گیاگیا۔
چیمبر کے صدر ثاقب رفیق کی صدارت میں ہو نے والے اجلاس میں گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، خواتین ممبران اورانجمن تاجران کے نمائندوں شیخ صدیق، شاہد غفور پراچہ، شیخ حفیظ، ارشد اعوان، گوجر خان سے راجہ جواد، آصف ادریس، سابق صدر آرسی ایس ٹی ایس آئی، مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کے رہنما اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور آئی سی ایم اے کے نمائندوں بشمول سیدتنصیربخاری چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور ٹیکس، فراز فضل صدر آر آئی ٹی بی اے، شہزاد ملک، صدر آئی سی ایم اے، اور میاں رمضان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔