محکمہ موسمیات نے 18 جون سے ملک کے کچھ حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے کیونکہ بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی / وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کراچی کے بعض علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے اور نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوب مغربی ہوائیں آج 10 سے 16 کلومیٹر کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ ایک ہلکی مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر گلگت بلتستان کشمیر اور خیبرپختونخوا میں 18 جون سے 22 جون تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد/راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 18 جون سے 22 جون تک وقفے وقفے سے بارش کی بھی توقع ہے۔20 سے 22 جون تک بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بارش/آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسکے علاوہ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، نصیر آباد، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی اور بارکھان میں گرد آلود ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔