اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ایک کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان کے خلاف توڑ پھوڑ اور احتجاج پر درج 6 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی بانی کے وکلا عثمان گل اور خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ وکلا کا کہنا تھا کہ سینئر وکیل سلمان صفدر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہیں، عدالت ان کے آنے تک سماعت ملتوی کرے۔ شاہ زیب کیس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ کیا کہ ان کی موجودگی کے بغیر گرفتاری سے قبل ضمانت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
جس پر وکیل خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان کی حاضری کے احکامات جاری کرے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہونے پر پی ٹی آئی کے وکیل سردار مسروف نے عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کے ایک کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔سردار مسروف نے کہا کہ درخواست ضمانت پر سینئر وکیل سلمان صفدر کو دلائل دینے ہیں تاہم وہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ سے اڈیالہ جیل جائیں گے۔
190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں شیڈول ہے لہٰذا عدالت سماعت عید کے بعد مقرر کرے۔جج افضل مجوکا نے کہا کہ اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کی حاضری کا حکم دیں گے، لکھا کہ عمران خان کی حاضری ویڈیو لنک کے ذریعے یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔