پنجاب حکومت نے صوبے کے مستحق افراد کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے 50 ہزار گھرانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔ تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی اور صارفین ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کر سکیں گے۔سولر سسٹم اور انسٹالیشن کے 100 فیصد اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ منصوبے پر 10 ارب روپے لاگت آئے گی۔ بجلی چوری، میٹر ٹمپرنگ ریکارڈ یا کسی اور اسکیم سے مستفید ہونے والے گھرانے اہل نہیں ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق اہل صارفین اپنا بل ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر 8800 پر بھیج کر رجسٹریشن کر سکیں گے۔100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا ڈیٹا نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کو فراہم کیا جائے گا۔ تصدیق کے بعد NTC اہل صارفین کا ڈیٹا پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو بھی فراہم کرے گا، PITB کی جانب سے جاری کردہ حتمی فہرستیں ضلعی انتظامیہ کو بھیجی جائیں گی۔سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ توانائی نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی منظوری بھی حاصل کر لی۔