پاکستان کے اکانوے منتخب اضلاع میں سات روزہ انسداد پولیو مہم پیر (آج) سے شروع ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے 91 اضلاع کی 3786 منتخب یونین کونسلوں میں مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 24 ملین سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ مہم پنجاب کے دس اضلاع، سندھ کے 24 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع، بلوچستان کے 30 اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چلائی جا رہی ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک الگ پیش رفت میں وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف تک پہنچنے کے لیے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے
پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے فاؤنڈیشن کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک اس سلسلے میں فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت داری جاری رکھے گا۔اس موقع پر بل گیٹس نے بطور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے قطرے پلانے کے پروگرام کو یاد کیا اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اسی طرز عمل کو ملک بھر میں دہرانے پر زور دیا۔