آج ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان بھر میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ کشمیر کے ساتھ تھے اور رہیں گے۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارتی ظلم ،جبر اور تسلط کے خلاف گلگت بلتستان کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ گلگت شہر میں بڑی ریلی نکالی گئی جس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ، سیکرٹری قانون رحیم گل، ضلعی انتظامیہ، طلبا اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے یکجہتی اور بھارت مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی بے نظیر چوک گلگت سے شروع ہوئی اور گھڑی باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ کشمیر کے ساتھ تھے اور رہیں گے۔