اے این ایف ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نے بتایا کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے 9 کارروائیوں کے دوران 330 کلو گرام منشیات برآمد اور 8 ملزمان کو گرفتار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 826 گرام آئس برآمد ہوئی۔ لاہور میں کورئیر آفس میں برطانیہ کے لیے بک کیے گئے پارسل سے 900 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔کورئیر آفس راولپنڈی میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 12 گرام گھاس برآمد ہوئی۔ بلوچستان کے علاقے پسنی روڈ سے 250 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔
راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب سے 2 ملزمان کے قبضے سے 2 کلو افیون، 2 کلو ہیروئن اور 36 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔M-1 موٹروے اسلام آباد کے قریب کی گئی دو کارروائیوں میں 3 خواتین سے 8.4 کلو گرام چرس اور 2 کلو آئس برآمد۔ آٹھویں کارروائی میں رنگ روڈ پشاور پر روکے گئے ایک گاڑی سے 18 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ 9ویں کارروائی میں چارسدہ انٹر چینج ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 4.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔