بلوچستان کے ضلع واشک میں بدھ کی صبح مسافر بس بے قابو ہو کر کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 28 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو اور لیویز حکام کے مطابق حادثے میں 22 کے قریب افراد زخمی ہوئے جنہیں بسیمہ کے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مسافر بس کا ٹائر پھٹنے کے بعد پیش آیا۔ بس گوادر سے کوئٹہ جارہی تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ہولناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کے لیے دعا کی۔
مئی میں ایسے ہی دو واقعات میں پنجاب کے ضلع خوشاب میں ایک ٹرک کے کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 13 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے تھے۔حادثہ خوشاب کے علاقے پنج پیر مناواں روڈ پر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہوگیا اور گاڑی کھائی میں جاگری۔المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، اہل خانہ خوشاب جا رہے تھے۔