وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہمارانصب العین اورشفافیت کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں، پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑسمیت وفاقی وصوبائی وزرا،اسمبلی ممبران و دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا منصوبہ عوام کی بہت بڑی خدمت ہےجس پر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،عمارت جوکھنڈرات کی تصویر بن گئی تھی، آج یہ جدید مشینری سے لیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوراک، زرعی مصنوعات اور ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ریگولیٹری ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے ،فوڈ سکیورٹی اور حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ایک اہم اقدام ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس منصوبے کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کوششیں قابل تحسین ہیں اورمجھے امید ہے کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی خطے میں سینٹر آف ایکسیلینس بنے گی،یہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کی خدمت کے لیے بنایا گیا ہے۔
وزیر اعلٰی پنجاب نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باجود عالمی معیار کی ٹیسٹنگ لیب کا نہ ہونا افسوس ناک امر تھا جس سے برآمد و درآمد کنندگان کو مسائل کا سامنا تھا اور لاکھوں کا نقصان ہو رہا تھا ،یہ 10 سال کی کٹھن محنت کا نتیجہ ہے ،آئندہ ماہ یہ مکمل ہو جائے گاجسے عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا یہ صرف افتتاح نہیں بلکہ ترقی کا سفر ہے،میرٹ پر کسی بھی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ،سیٹلائٹ کرائم یونٹ کا دائرہ 38 اضلاع تک بڑھایا جائے گا ،خواتین سائنس دانوں کے لیے 2 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے ہاسٹل قائم کیا جائے گا ،اے آئی کا دائرہ کار سکولوں تک وسیع کیا جائے گا،ورچوئل پولیس سٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلٰی نے کہا کہ پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے ،کاروبار کی آسانی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، ایک بزنس کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کی پہلی پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے خدوخال اور اعراض و مقاصد کے بارے میں معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔


