پاکستان اور ایران کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ ہوا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی شرکت کی، مشترکہ پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پر امن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے اور اس کے حق کیلئے ایران کے ساتھ کھڑا ہے،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔
اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ ہوا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی شرکت کی۔
سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علیحدہ علیحدہ معاہدوں کی دستاویز کا تبادلہ ہوا جبکہ سیاحت، ثقافت، ورثہ، میٹرالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے میں معاہدوں کی دستاویز کا تبادلہ ہوا ۔
دونوں ملکوں کے درمیان میری ٹائم سیفٹی اینڈ فائر فائٹنگ، عدالتی معاونت اور اصلاحات سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا ۔
اس موقع پر ائیر سیفٹی معاہدے کے ذیلی ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ بھی کیا گیا جبکہ دونوں ملکوں میں طے پانے والے معاہدوں میں مصنوعات کے معیارات پر عملدرآمد اور فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر عمل کے لیے مشترکہ اسٹیٹمنٹ کی تیاری کے معاہدوں کا بھی تبادلہ کیا گیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب:
اسلام آباد: بعد ازاں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پر امن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے اور اس کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے،اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے ایرانی بھائیوں اور جرنیلوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں، کسی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فوری سیز فائر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں تاحال اسرائیلی بربریت جاری ہے، غزہ میں نومولود بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، خواتین اور جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا غزہ میں مظالم کے خلاف مہذب دنیا کو بھرپور آواز اٹھانی چاہیے، دنیا کو غزہ میں امن کے لیے متحد ہونا ہو گا، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھی غزہ سے مختلف نہیں ہے، ایرانی قیادت نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے بھرپور آواز اٹھائی، پاکستان نے بھی ہر فورم پر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ۔
ایرانی صدر کا پریس کانفرنس سے خطاب:
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں، عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے، پاکستان اورایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پرمبنی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دو طرفہ تعلقات کومختلف جہتوں میں آگے بڑھارہےہیں، مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی تجارت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سرحدی سکیورٹی کوبہتربنانے کے لیے دو طرفہ تعاون جاری ہے ۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اسرائیل خطے کو عدم استحکام کا شکارکرنےکے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔
ایرانی صدر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ روابط برقرار رکھنے اور مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں، انہوں نے کہاکہ علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، سرحدی سیکیورٹی کوبہتربنانےکےلیے دوطرفہ تعاون جاری ہے ۔