سہ فریقی سیریز کے آخری لیگ میچ میں افغانستان نے یو اے ای کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیئا، ایونٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
شارجہ میں کھیلے گئے تین ملکی سیریز کے آخری لیگ میچ میں افغانستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد متحدہ عرب امارات کو 4 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے،ابراہیم زادران 48 اور رحمان اللہ گُرباز 40 رنز بناکر نمایاں بیٹرز رہے ۔
یواے ای کی جانب سے حیدر علی نے دو جبکہ محمد فاروق نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
افغانستان کے 170 رنز کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم 5 وکٹ پر 166 رنز بناسکی، یو اے ای کے محمد وسیم 44 اور آصف خان 40 بناکر نمایاں بلے بازرہے، علی شان 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
ایونٹ میں یو اے ای کی ٹیم اپنے چاروں میچز میں شکست کھاکر ایونٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، پاکستان اور افغانستان کے درمیان فائنل اتوار کو ہوگا ۔