امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ امریکی فوجی ایران کے قریب اس وقت تک تعینات رہیں گے جب تک معاہدے پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو جاتا، بصورت دیگر امریکہ مزید سخت اور خطرناک کارروائی کر سکتا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوجی طاقت خطے میں اس وقت تک موجود رہے گی جب تک ایران عملی طور پر طے شدہ معاہدے کی پابندی نہیں کرتا۔
انہوں نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدے پر عملدرآمد میں ناکامی ہوئی تو امریکہ پہلے سے زیادہ شدید اقدامات اٹھائے گا، جو ایران کیلئے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران اس بات پر رضامند ہو چکا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کیلئے کھلا رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو ممالک ایران کو اسلحہ فراہم کریں گے، ان پر 50فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا تاکہ ایران کی عسکری صلاحیت کو محدود کیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس کے سیاسی اور معاشی اثرات بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔


