سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 29 رنز سے شکست دیدی، پاکستان کے 183 رنز ہدف کے تعاقب میں پوری افغان ٹیم آخری اوور میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، شاندار 53 رنز سکور کرنے پر کپتان سلمان علی آغا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے ۔
متحدہ عرب امارات کے شارجہ گراؤنڈ میں کھیلی جانے والی پاکستان، افغانستان اور یو اے ای پر مشتمل سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، جس میں کپتان سلمان علی آغا نے سب سے زیادہ 53 رنز بنائے ، صاحبزہ فرحان اور محمد نواز 21، 21، صائم ایوب 14، فخر زمان 20 ، حسن نواز 9 ، محمد حارث 15 اور فہیم اشرف 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے 2 ، مجیب الرحمان، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے یہ میچ 39 رنز سے جیت لیا ۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان 39 رنز کے ساتھ سب سے جارحانہ بلے باز رہے، رحمت اللہ گرباز نے 38، صدیق اللہ اتل نے 23 اور درویش رسولی نے 21 رنز بنائے ۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو میچ میں شاندار 53 رنز سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔