وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی الیون میں ضلعی کچہری کے باہر خُودکش بمبار کے حملے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 20 سے 22 زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔
اسلام آباد: اسلام آباد جی الیون ضلعی کچہری کے باہر خودکش دھماکہ ہوا ہے ، جس میں 12 افراد جاں بحق اور 20 کے قریب شدید زخمی ہوئے ہیں ۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا کچہری کے باہر ہوا جس کی زد میں آس پاس کھڑے لوگ آئے ۔
پولیس کا بتانا ہےکہ دھماک خودکش تھا اور جائے وقوعہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں وکلا اور سائلین بھی شامل ہیں ۔
ریسکیو 1122 اور دیگر ایمبولینسز سے زخمیوں کی پمز منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ پولیس کی گاڑیوں میں بھی زخمیوں کی پمز منتقلی کا سلسلہ جاری ہے ۔
پولیس کی بھاری نفری بھی پمز ہسپتال پہنچ گئی ہے، پولیس کے مطابق اسلام آباد کچہری میں دھماکہ مبینہ طور پر خودکش تھا، خودکش حملہ آور نے کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کچہری میں داخل نہ ہونے پر اس نے خود کو پولیس کی گاڑی کے پاس بلاسٹ کر دیا، فورنزک ٹیم کو بھی جائے وقوع پر بلا لیا گیا، زخمی ہونے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جن میں ایک گاڑی پولیس کی تھی اور 2 پرائیوٹ گاڑیاں ہیں ۔


