راولاکوٹ — محکمہ تعلیم نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں 23 اگست تک تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ شہر اور مضافات میں ہونے والی شدید بارشوں اور تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کیا گیا ہے۔
شدید بارشوں نے راولاکوٹ میں نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔ اس سنگین صورتحال کے دوران ایک المناک واقعہ بھی پیش آیا جب یونیورسٹی آف پونچھ کی خاتون لیکچرار گل لالہ کی گاڑی تراڑ کیمپس کے سامنے برساتی نالے میں بہہ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
اطلاعات کے مطابق گل لالہ تراڑ کیمپس سے چہڑھ کیمپس جارہی تھیں کہ اچانک تیز پانی کی زد میں آگئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سمیت ان کی لاش کو نکال لیا۔
مرحومہ گل لالہ کا تعلق کھڑک دلوٹہ سے تھا۔ وہ ڈی ایس پی سردار اکمل شریف کی کزن اور سردار ضیاء شریف کی بھتیجی تھیں۔ ان کی ناگہانی موت پر اہل خانہ، ساتھی اساتذہ اور طلبہ شدید صدمے اور غم میں مبتلا ہیں۔