گلگت(ندیم خان)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سیف سٹی کنٹرول روم گلگت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے عاشورہ کے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ، انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے،کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون، فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی، چیف سیکریٹری ابرار احمد مرزا، انسپکٹر جنرل پولیس افضل محمود بٹ، سیکریٹری داخلہ سید علی اصغر، ڈی آئی جی راجہ مرزا حسن اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ مکمل الرٹ رہیں اور سیکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام یقینی بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، سول ایڈمنسٹریشن، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے ۔
وزیراعلیٰ نے امن کمیٹی کے اراکین اور والنٹیئرز کے تعاون کو سراہتے ہوئے اسے بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کی بہترین مثال قرار دیا ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی ۔