وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت فی الفور 80 روپے کم کرکے 378 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کردیا، وزیراعظم نے موٹرسائیکل کو ایک لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی ، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار اور بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی ۔
اسلام آباد: قوم سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پیٹرول پر 80 روپےفی لیٹرکمی کا اعلان کرتا ہوں، پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے سے کم کر کے 378 روپے فی لیٹرمقرر کر دی گئی ہے، نئی قیمت کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اس کمی کا اطلاق اگلے ایک ماہ کے لیے پورے پاکستان پر ہوگا، وزیراعظم نے کابینہ ارکان کی 2 ماہ کے بجائے 6 ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا بھی اعلان کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، عام آدمی کے لیے نئے چینلنجز ابھر کر سامنے آرہے ہیں، قومی وسائل محدود ہیں، آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے، مہنگائی نے دنیا کی طاقتورمعیشتوں کی کمرتوڑدی ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جانتا ہوں کہ پاکستان میں عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے، دعا ہے کہ کل قومی مشاورت کے حوالے سے وزیرخزانہ اور وزیرپیٹرولیم نے اعلانات کیے ان اعلانات سے پہلے بھرپورمشاورت ہوئی تھی، صدرمملکت نےپوری قومی قیادت کو ایوان صدرمیں دعوت دی تھی، ایوان صدرمیں چاروں وزرائےاعلیٰ،آزاد کشمیرکے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی موجود تھے ۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل کو ایک لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی ، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار اور بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے لیے 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ امداد فراہم کی جائے گی، ریلوے میں اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ صوبائی وزرائےاعلیٰ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کےلیےاپنے وسائل بلاتاخیرفراہم کرنے کا یقین دلایا ۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ وعدہ ہے کہ تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام کی زندگی دوبارہ معمول پر نہیں آجاتی ۔


