پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کو مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باوجود بھرپور انداز میں جاری رکھا ہوا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد متاثرہ آبادی کو بروقت امداد فراہم کرنا اور ان کی مشکلات کم کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سی-130 طیارے کے ذریعے سات ٹن خشک راشن، اشیائے خورونوش اور ضروری ادویات گلگت پہنچائی گئیں۔ یہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے متاثرین تک پہنچایا جائے گا تاکہ ضرورت مند افراد کو فوری سہولت میسر آ سکے۔
زمینی راستے منقطع ہونے کے باعث پاک فضائیہ نے یہ سامان فضائی راستے سے پہنچایا، جس سے امداد کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جا سکی۔ امدادی ٹیموں نے آپریشن کے دوران سیلاب میں پھنسے 75 افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ یہ ریلیف آپریشن افواجِ پاکستان کی ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے، جو قیمتی جانوں کے تحفظ اور متاثرہ عوام کی بحالی کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔ مزید خوراک، ادویات، عارضی شیلٹرز اور طبی امداد بھی متاثرین تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فضائیہ کی بروقت کارروائیاں گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امید کی کرن ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ افواجِ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔