آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سڑک بہہ جانے سے رتی گلی بیس کیمپ میں پھنس جانے والے 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزادکشمیر کے مطابق 8 گھنٹے سے زائد وقت پر محیط ریسکیو آپریشن میں کامیابی کے ساتھ تمام سیاحوں اور گاڑیوں کو بچا لیا گیا ۔
آزاد جموں و کشمیر کی سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( ایس ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید بارش کے بعد آنے والے سیلاب میں ڈیڑھ کلومیٹر طویل سڑک بہہ جانے سے رتی گلی جھیل جانے والے 700 سے زائد سیاح پھنس گئے تھے ۔
ان سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن رتی گلی سے صبح 7 بجے شروع ہو ا اور دوپہر 3:30 پر مکمل ہوا، جس کے دوران رتی گلی میں پھنسے تمام سیاحوں کو کامیابی سے ریسکیو کرلیا گیا ۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران وادی نیلم سے 98 گاڑیاں اور 700 سے زائد سیاح محفوظ مقام پر منتقل کیے گئے ۔
ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے حصہ لیا ۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق سیاحوں کو متعلقہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی جاتی ہے ۔