گلگت بلتستان میں بابوسر ٹاپ کے علاقے میں خیبر ٹیلی وژن کی اینکر پرسن شبانہ لیاقات العروف ’’سپنا‘‘ اپنے شوہر لیاقت اور 3 بچوں سمیت پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی ہیں، سپنا فیملی سیاحت کے لیے 21 جولائی کو بابوسر ٹاپ گئی تھیں ، جس کے بعد سے ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ۔
ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں اینکر شبانہ، ان کے شوہر لیاقت علی، اور بچے ایمل خان ، ایمان سمیت ايک اور بچہ شامل ہیں، اطلاع ملنے پر ریسکیو اداروں نے تلاش کا کام شروع کر دیا ہے ۔
لاپتہ افراد کیلئے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے مقامی افراد کو ایک میل پرس( بٹوہ) ملا ہے جس میں شبانہ اور ان کے بیٹے پاک فضائیہ کے سکول کے ایک بچے کا کارڈ بھی ہے جس پر ایمل خان ولد لیاقت علی کا نام لکھا ہوا ہے ۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق شبانہ لیاقت انکے شوہر لیاقت اور انکے 3 بچے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق 10 سے 15 سیاح شاہراہ بابوسر میں سیلابی ریلوں میں بہہ گئے تھے ،شاہراہ بابوسر سے اب تک 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں ۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ دیامر پولیس ، انتظامیہ ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریسکیو 1122 ،افواج پاکستان اور جی بی سکاؤٹس ریسکیو و سرچ آپریشن میں شامل ہیں ۔