وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات اور مدارس بل سمیت ملکی سیاسی اور دیگر امور پر پر بات چیت کی گئی ۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف صدرمملکت سے ملنے کیلئے ایوان صدر پہنچے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خيبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، پی ٹی آئی کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات پر بھی گفتگو ہوئی ۔
صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی ۔
دونوں رہنماؤں کا قانونی امور پر تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا، صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔