انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ہری پور میں نئی پولیس لائنز کا افتتاح کردیا، ہری پور پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی ،ڈی آئی جی ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
ہری پور(مہر سیماب) آئی جی خیبر پختونخوا نے نئی تعمیر ہونے والے ہری پور پولیس لائنز کا افتتاح کیا،اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا کو نیو پولیس لائنز کی بلڈنگز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
انسپکٹر جنرل نے لائنز کے تمام شعبہ جات کا معائینہ بھی کیا، بعد ازاں آئی جی خیبر پختونخوا نے پولیس لائنز ہری پور میں پولیس افسران و جوانوں سے خطاب کیا ۔
آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس شہیدوں اور غازیوں کی فورس ہے جس نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے نے پیش کیے ،پولیس کے انفراسٹرکچر اور پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر کے لیے عملی طور پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانا میرا مشن ہے، دہشت گردوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف عوام کا اعتماد حاصل کریں اور عوامی پولیسنگ کو فروغ دیکر ڈیوٹی ادا کریں ۔
آئی جی پی نے کہا کہ پولیس کی ڈیوٹی عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی آسانی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موقع پر فوری اقدامات اُٹھائیں ۔
دریں اثناءآئی جی پی نے ہری پور کے پارلیمنٹیرینز، عمائدین ، چیمبرآف کامرس اور ڈی آر سی کے ممبران سے ملاقات بھی کی اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کی تعریف کی ۔