بلتستان ڈویژن میں شدید برفباری کے بعد سردی بڑھنے سے نظام زندگی متاثر ہو چکا ہے۔ علاقے میں پہاڑی تودہ گرنے سے گلگت اسکردو روڈ بند ہوگیا، پولیس کے مطابق پہاڑی تودہ باغیچہ کے مقام پر گرا ہے۔
استور میں برفباری کا تسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی متاثر ہے جبکہ کشمیر کی وادی نیلم میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں بھی صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔