گلگت کے پہاڑی علاقے نلتر میں ایک اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 18 میگاواٹ کا نلتر پاور کمپلیکس بری طرح متاثر ہوا اور اس کا عارضی ہیڈ ورکس بہہ گیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق نلتر نالے میں طغیانی ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہے، جس کے باعث پاور کمپلیکس کو شدید نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال اتنی خراب ہے کہ ایکسکیویٹر کی رسائی بھی مکمل طور پر رک گئی، اور امدادی کارروائیاں فی الحال روک دی گئی ہیں۔
اہم انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کے بعد گلگت شہر اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہیڈ ورکس کے بہہ جانے کے بعد شہر بھر میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوگئی ہے، اور مکمل بلیک آؤٹ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق شہر کو دوبارہ بجلی فراہم کرنے اور نظام کو بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم بحالی کا عمل سیلاب کی شدت میں کمی کے بعد ہی دوبارہ شروع ہوگا۔ پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ جیسے ہی حالات سازگار ہوئے، پاور ہاؤس کی مرمت اور بحالی کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ گلگت کے شہریوں کو بجلی کی فراہمی بحال کی جاسکے۔