سابق وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر (اے جے کے) سردار تنویر الیاس کی سفارتی پاسپورٹ کے ‘غلط استعمال’ کے مقدمے میں بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے سردار تنویر الیاس کی ضمانت کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔ آج کی سماعت میں ایف آئی اے کی ٹیم نے ریکارڈ عدالت میں پیش کیا اور ملزم کی ضمانت کی مخالفت کی تاہم عدالت نے ایف آئی اے کا موقف مسترد کرتے ہوئے ملزم کی رہائی کا حکم دے دیا۔
سردار تنویر الیاس پر وزیراعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد اپنا سفارتی پاسپورٹ رکھنے کا الزام ہے۔ گزشتہ سماعت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے قانون کی خلاف ورزی کی اور عہدہ چھوڑنے کے بعد سعودی عرب جانے کے لیے اپنا سفارتی پاسپورٹ استعمال کیا، جو کہ غیر قانونی تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا تھا، پھر بھی وہ اسے واپس کرنے میں ناکام رہے۔اس سے قبل آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم کو ایک کمپنی کے دفتر پر حملے سے متعلق کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔