مانسہرہ میں تھانہ صدر کی حدود متہال میں جائیداد کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہو گئے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔
مانسہرہ: ذرائع نے بتایا کہ عبدالحمید ولد یونس سکنہ سوتریاں اپنے بھتیجے کے ہمراہ متہال میں قریبی عزیز کے گھر فاتحہ خوانی کے لیے گئے، جہاں دیگر رشتہ دار بھی موجود تھے ۔
گفتگو کے دوران تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے فریقین کے درمیان اندھا دھند فائرنگ شروع ہو گئی ۔
فائرنگ کے نتیجے میں اسنان عرف عبداللہ ولد سلیمان بخش، چن زیب، رفاقت اور نواز پسران انور موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ صداقت اور سلیمان بخش سمیت دو دیگر افراد شدید زخمی ہوئے ۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے چار افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، واقعے کی اطلاع پر ڈی ایس پی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔