چیئر پرسن وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا دورہ کیا. دورے کے دوران انہوں نے جیل کے ہسپتال، خواتین کی بیرکوں ، کچن ، واچ ٹاور جنرل بیرکس اور دیگر مختلف حصوں کا معائنہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریٹنڈنٹ اٹک جیل نے رانا منان خان کو بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات کے چیئرمین نے قیدیوں سے سوالات بھی کیئے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا منان خان کا کہناتھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبہ بھرکی جیلوں کے اسیران کی فلاح وبہبودکے لیےہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کےویژن کے ذریعے اسیران کو پاکستان کا مفید شہری بنایا جا سکے گا۔ قیدی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا آج کا دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، اٹک جیل میں اس وقت پی ٹی آئی کے ایک ہزاراسی کارکن قید ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کو جیل مینول کے مطابق تمام سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں ، ہم نے نفرت کی سیاست کاخاتمہ کرناہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاحی منصوبوں کا اعلان کر رہی ہیں۔
رانامنان خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کو بھیصوبے کی عوامی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ، پنجاب کی جیلوں سے منشیات،رشوت اور دیگربرائیوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، قیدیوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ جیلوں میں قائم صنعتوں کی ترقی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں،ایسی اصلاحات بھی لائی جا رہی ہیں جن کےذریعےکو جیل اسیران کو متعلقہ ضلع کی جیل میں منتقل کیاجاسکےگا، ہم نےاب اندھیروں سےروشنی کی طرف سفرکرناہے تاکہ ہماراملک ترقی کرے۔