آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دہشت گردوں کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کاروں کیساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کا دورہ کیا ۔وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا ۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی ۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا ۔
اس موقع پر آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد، اُن کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے، شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی پرعزم حمایت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ! دہشت گردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہم پُرعزم ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے ۔
آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے ۔